(فیس بُک کے تمام شاعروں کے نام ۔۔۔۔ یقین کریں یہ آپ کے بارے میں نہیں ہے)

فیس بُک کے ایک شاعر (نام بتلانا نہیں
بند ہم نے اپنا حقّہ پانی کروانا نہیں)

ساری دنیا کو دکھاتے ہیں ہنر میری طرح
شاعری آتی نہیں کرتے ہیں پر میری طرح

جب کسی مصرعے کی دُم آتی ہے ان کے ہاتھ میں
تو تھما جاتی ہے کچھ مصروفیت بھی ساتھ میں

نیٹ پر ہو جاتے ہیں یہ سرچ کرنے میں مگن
ایسی تصویریں کہ جن سے ہو اُجاگر اِن کا فن

انتخاب ان کا وہ تصویریں ہیں مستورات کی
جن میں مستورات کے کچھ خاص گوشے ہوں جلی

ایسی تصویروں میں اپنے شعر آویزاں کریں
فیس بُک پر جا کے پھر چپساں اسے تھاں تھاں کریں

ایسے فن پاروں کا اِک مدت سے ہے ڈنکا بجا
اِن کا طوطی بولتا دیکھا ہے ہم نے جابجا

میر و غالب کو نہیں ملتیں جہاں پر "لائکیں”
"شاعرِ محبوب” کہتے ہیں زمانے میں اِنہیں

Advertisements